19 اپریل 2013 - 19:30
پاکستان کے شیعہ و سنی متحد ہیں

لبیک یاحسین (ع) کانفرنس دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی، پاکستان کے شیعہ و سنی متحد ہیں اور دہشت گردوں اور ان کے سرپرست امریکہ و اسرائیل کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔

ابنا: لبیک یاحسین (ع) کانفرنس دہشت گردی کے خاتمے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگی، پاکستان کے شیعہ و سنی متحد ہیں اور دہشت گردوں اور ان کے سرپرست امریکہ و اسرائیل کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔  ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ صادق رضا تقوی نے کہا کہ آج ملک میں عام انتخابات کا دور چل رہا ہے، ہر طرف الیکشن کی باتیں ہو رہی ہیں، لوگ اپنے ووٹ کا حق استعمال کرنے کی تیاریوں میں مصروف ہیں لیکن اس عرصہ میں بھی دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کے لئے دہشت گردی کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پھر آپ نے وہ وقت بھی دیکھا کہ جب کوئٹہ میں مختصر سے عرصے میں دو بم دھماکوں نے پورے ملک کی عوام کو سوگوار کر دیا اور  پورے ملک میں احتجاجی دھرنے بھی دیئے گئے۔ ان دھرنوں نے جہاں شیعہ و سنی کے فرق کو ختم کیا، وہیں دہشت گردوں کے سرپرستوں کو بھی بے نقاب کیا، آج پنجاب میں دہشت گرد اور ان کی سرپرست سیاسی جماعت کہ جس کے وزراء اکثر کالعدم تنظیموں کے اجتماعات میں شرکت کرتے نظر آتے ہیں کی، بدولت شیعہ و سنی افراد کئی حادثات سے دوچار ہوچکے ہیں۔
ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان نے ایک ایسے وقت میں اپنی فعالیت کا آغاز کیا کہ جب اس ملک کو استعماری طاقتوں نے فرقہ واریت کے شکنجے میں جکڑ رکھا تھا، لیکن شہداء کے پاک خون کی تاثیر ہی ایسی ہے کہ اب صورتحال یکسر مختلف ہے اور آپ کے سامنے ہے۔ ہم یہ بتا دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کے شیعہ و سنی متحد ہیں اور دہشت گردوں اور ان کے سرپرست امریکہ و اسرائیل کی ہر سازش کو ناکام بنائیں گے اور انشاءاللہ پاکستان کو امن کو گہوارہ بنائیں گے، کیونکہ یہ ملک شیعہ و سنی نے مشترکہ طور پر بنایا اس کے لئے قربانیاں دیں اور اپنا تمام مال و اسباب خرچ کیا، جس طرح ہمارے آباؤ اجداد نے اس ملک کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کیا، اسی طرح ہم بھی اس ملک کو دہشت گردی سے نجات دینے اور امن کی بحالی کے لئے اپنی کاوشوں کو جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن نے انہی مقاصد کی تکمیل کے لئے 21 اپریل 2013 کراچی میں ایک کانفرنس کا فیصلہ کیا ہے، جو پاکستان کے استحکام، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کی تحریک کے لئے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگی، لیکن افسوس کے ساتھ یہ کہنا پڑتا ہے کہ ایک جانب تو دہشت گردوں اور کالعدم گروہوں کو ریاستی سرپرستی میں اپنی فعالیت کی بھرپور اجازت ملی ہوئی ہے تو دوسری جانب شہدائے پاک وطن کے مقدس خون سے تجدید عہد کیلئے منعقد کی جانے والی لبیک یاحسین علیہ السلام کانفرنس میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں، انتظامیہ اوچھے ہتھکنڈے اپنانے کے بجائے دہشتگردوں کو لگام دے، کانفرنس ہر صورت میں 21 اپریل کو نشتر پارک میں ہوگی، جس میں شیعہ و سنی علماء اور شہداء کے پروقار خانوادہ شرکت کرینگے۔
.....

/169